ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / مرڈیشور سمندر کے ساحل پر لائف گارڈس کی دوبارہ حاضری : لائف گارڈس کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے کئے نئے انتظامات

مرڈیشور سمندر کے ساحل پر لائف گارڈس کی دوبارہ حاضری : لائف گارڈس کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے کئے نئے انتظامات

Wed, 13 Jan 2021 19:46:16    S.O. News Service

بھٹکل:12؍جنوری (ایس اؤ نیوز)اپنی متعینہ تنخواہ کا مطالبہ لےکر احتجاجاً کام پر نہ لوٹنے والے  مرڈیشور ساحل کے لائف گارڈس کو ضلع انتظامیہ نے مزید مشکل  میں ڈال دیاہے اور انتظامیہ نے مرڈیشور  میں آبی کھیل کی ٹھیکداری کرنے والی ٹیم کو ہی مرڈیشو کے ساحل پر لائف گارڈس کی خدمات انجام دینے  کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ ذمہ داری سونپتے ہی مرڈیشور میں منگل سے ہی لائف گارڈ کی نئی ٹیم کام پر حاضر ہوگئی ہے۔

مارچ سے لاک ڈاؤن کی شروعات ہوتےہی مرڈیشور  میں سیاحت تقریبا ً ختم ہوگئی تھی ، سیاحوں کو بھی  ادھر کا رخ کرنےمیں کوئی دلچسپی نہیں تھی، دوسری طرف  موسم ِ باراں میں  سیاحوں کی آمدورفت نہ کے برابر ہوتی ہے مگر  بارش  ختم ہونےکے بعد ستمبر اور اکتوبر میں سیاحوں کی آمد شروع ہونی لگتی ہے۔

جب  پہلے سے ڈیوٹی انجام دینے والے لائف گارڈس کو کام پر حاضر ہونے کے لئے کہاگیا تو  لائف گارڈس  نے تنخواہ نہ ملنے کی شکایت کرتےہوئے کام پر حاضر ہونے سے انکار کردیا۔ دسمبر میں قریب ایک ہفتہ تک کام کرنے کے بعد لائف گارڈس نے لاک ڈاؤن سےپہلے دی جانے والی تنخواہ کامطالبہ کرتےہوئے احتجاج پر چلے گئے تو 16دسمبر سے مرڈیشور کے ساحل پر لائف گارڈس کی خدمات نہیں تھیں۔ اسی دوران  ضلعی انتظامیہ نے مرڈیشور ساحل پر آبی کھیلوں کی ٹھیکداری کرنے والے ادارے کو لائف گارڈ پر طور پرتعین کر دیا اور انہیں    ذمہ داری سونپ دی۔ جس کے چلتے ادارے کے لائف گارڈس منگل سے اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہوگئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ لائف گارڈس کی  ذمہ داری نئی کمیٹی کو سونپنے کے بعد اس سے قبل لائف گارڈ کی خدمات انجام دینے  والے  6اہلکاروں میں  سے 4 کو خارج کردیاگیا ہے اور ان کی جگہ نئے عملہ کی تقرری کی گئی  ہے۔ پرانی ٹیم میں سے صرف 2کو کام دیا گیا ہے۔ لائف گارڈس کو واکی ٹاکی ، سائرن ، ریسکیو ٹیوب، ریسکیو بورڈسمیت جانی حفاظت کی ضروری اشیاء بھی فراہم  کی گئی ہیں ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ  ہوناور ، اپسر کونڈا اور  گوکرن کے ساحلوں پربھی ضلعی انتظامیہ نے یہی کارروائی کی ہے۔

معاملے کولےکر کاروار کے محکمہ سیاحت کے ڈپٹی  ڈائرکٹر پرشوتم نے وضاحت کی ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے لائف گارڈس کی تنخواہوں میں تاخیر  ہونےکی بات صحیح ہے، اور ہم نے انہیں اعزازیہ اداکیاہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد جب ضلع میں سیاحت شروع ہوئی تو ہم نے حسب روایت لائف گارڈس کو کام پر حاضر ہونےکو کہا۔ لیکن انہوں نے نہیں ماناتو مجبوری میں ہم نے الگ سے  انتظام کیا ہے۔


Share: